Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسماء عباس نے 60 سال سے زائد عمر کی خواتین کو کیا مشورہ دیا؟

بڑھاپے میں اچھے ساتھی کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے، اداکارہ

پاکستان کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے 60 سال سے زائد عمر کی تنہا خواتین کو مناسب شریکِ حیات ملنے کی صورت میں شادی پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اپنے تازہ وی لاگ میں اسماء عباس نے کہا کہ اگر زندگی میں کوئی مخلص، بااعتماد اور اچھا شریکِ حیات مل جائے تو عمر کو شادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گزشتہ بیان کو مکمل سیاق و سباق کے ساتھ نہیں سنا گیا۔ ہر شخص قابلِ اعتماد نہیں ہوتا تاہم اگر کوئی مناسب انسان مل جائے تو اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

اسماء عباس نے اپنی بہن بشریٰ انصاری اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد  کی شادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو بہترین شریکِ حیات ملے لیکن ایسے رشتے ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑھاپے میں ایک اچھے ساتھی کی اہمیت زیادہ محسوس ہوتی ہے جو بیماری، تنہائی اور روزمرہ زندگی کے مختلف مراحل میں ساتھ دے سکے۔ مضبوط رشتوں کی بنیاد محبت کے ساتھ ساتھ باہمی احترام، برداشت اور سمجھ داری پر قائم ہوتی ہے۔