Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی آئینی عدالت کا کراچی کے بلڈرز کو بڑا ریلیف

عدالت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت کسی بھی ادارے کے امور میں مداخلت نہیں کرے گی

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے کراچی میں رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کیٹیگری میں تبدیل کرنے پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے بلڈرز کو بڑا ریلیف دے دیا۔

عدالت نے اپنے سابق فیصلے کو واپس لیتے ہوئے قرار دیا کہ رہائشی پلاٹوں کی کمرشل کیٹیگری میں تبدیلی پر مکمل پابندی برقرار نہیں رکھی جا سکتی جبکہ پارکس، اسپتالوں، کھیل کے میدانوں اور دیگر عوامی مقامات کی کیٹیگری تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔

وفاقی آئینی عدالت نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس بھی نمٹا دیا۔

سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت کسی بھی ادارے کے امور میں مداخلت نہیں کرے گی اگر کوئی ادارہ قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو متاثرہ فریق متعلقہ فورم یا ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے اگر کسی کو دادرسی نہ ملے تو وہ اپیل دائر کرنے کا حق رکھتا ہے، ازخود نوٹس کا اختیار اب ختم ہو چکا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون موجود ہے اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ توقع ہے ٹاؤن پلاننگ کے ادارے نیک نیتی سے کام کریں گے جبکہ سپریم کورٹ کا پلاٹوں کی کیٹیگری تبدیل کرنے سے متعلق فیصلہ کسی ادارے کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔

جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی افسر قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

آخر میں عدالت نے واضح کیا کہ عدالتیں قانون نہیں بناتیں بلکہ صرف ان پر عمل درآمد کراتی ہیں۔