
تربت میں تھانے پر حملہ؛ پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق
تربت میں مسلح افراد کے حملے میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت کے نواحی علاقے ناصر آباد میں نامعلوم افراد نے تھانے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے تینوں مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ سے ہے جبکہ پولیس اہلکار کا تعلق تربت سے ہی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مزدور غیر مقامی ہیں، پولیس اہلکار اور مزدوروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم جاں بحق ہونے والا پولیس اہلکار مزدوروں کی سیکیورٹی پر تعینات تھا۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے تربت میں چار مزدوروں اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا، نہتے مزدوروں کا قتل اندوہناک واقعہ ہے، ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
میر علی مردان نے کہا کہ بلوچستان کی روایت تو مہمان نوازی ہے نہ کہ گھر آئے مہمان کی جان لینا، امن دشمن عناصر ہماری روایات کے بھی دشمن ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزارت داخلہ و قبائلی امور سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ بحالی امن کی کوششوں کو سبوتاژ ہونے نہیں دیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران بلوچستان پولیس اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کیا، بحالی امن کے لئے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ظفر وال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ ، پاک فوج کا بھر پور جواب
نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تمام انتظامی افسران اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر موجود ہیں، امن دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔
واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو بھی بلوچستان کے علاقے تربت میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سوئے ہوئے 6 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کیچ امام بخش نے بتایا تھا کہ تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے مقامی ٹھیکیدار نصیر احمد کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گھر کے مہمان خانے میں موجود 6 مزدور موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
امام بخش نے بتایا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی مزدور ٹھیکیدار کے ہاں تعمیراتی کاموں کے سلسلے میں مزدوری کر رہے تھے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ضروری کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News