کراچی: کراچی بورڈ نے دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے ہیں۔ بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 75 ہزار 200 امیدوار شریک ہوئے۔
نتائج کے مطابق ایک لاکھ 41 ہزار 868 امیدوار کامیاب جب کہ 29 ہزار 655 امیدوار ناکام قرار پائے۔ اس دوران 952 امیدوار امتحانات میں غیر حاضر رہے جب کہ مجموعی کامیابی کا تناسب 80.87 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق محمد اذلان سید نے 1040 نمبر، یعنی 94.55 فیصد نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
ریجا کامران نے 1034 نمبر حاصل کرکے دوسری جب کہ عائشہ عدنان نے 1033 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نتائج کے مطابق اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 35 ہزار 529 رہی جو نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظہر ہے۔
کراچی بورڈ نے نتائج کے ساتھ دہم جماعت سائنس گروپ کی میرٹ لسٹ بھی جاری کردی ہے جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے نام شامل ہیں۔



















