معروف پاکستانی اداکار احسن خان نے شوبز انڈسٹری میں بڑھتی عمر سے متعلق پائے جانے والے دباؤ پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی عمر قبول کرنے اور ہر مرحلے کو اعتماد کے ساتھ جینے کا مشورہ دیا ہے۔
احسن خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ زندگی کا ہر دور اپنی الگ خوبصورتی، تجربات اور کشش رکھتا ہے، اس لیے انسان کو ہر عمر کو خوش دلی سے اپنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے میں سیکھنے، آگے بڑھنے اور خود کو بہتر بنانے کے نئے مواقع موجود ہوتے ہیں۔ میڈیا میں اکثر نوجوانی کو ہی کامیابی اور خوبصورتی کی علامت بنا کر پیش کیا جاتا ہے تاہم وہ اس سوچ سے متفق نہیں۔ اپنی عمر پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ صحت مند رہنا اور مسلسل کام کرتے رہنا خود ایک بڑی نعمت ہے۔
View this post on Instagram
احسن خان نے کہا کہ اگرچہ انہیں ذاتی طور پر عمر سے متعلق دباؤ کا زیادہ سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ شوبز انڈسٹری میں بعض فنکار اس دباؤ کو محسوس کرتے ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی اداکار کی اصل پہچان اس کی عمر نہیں بلکہ اس کی اداکاری، ٹیلنٹ، مقبولیت اور ناظرین میں پسندیدگی ہوتی ہے۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اچھے فنکاروں کو ہر عمر میں پسند کرتے ہیں اسی لیے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے سے لطف اندوز ہوں، خود کو فِٹ رکھیں اور اپنی بہترین شخصیت دنیا کے سامنے پیش کریں۔


















