پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک اور اہم بین الاقوامی اعزاز حاصل کر لیا ہے، انہیں عالمی جریدے فوربز کی ’’30 انڈر 30 ایشیا 2026‘‘ فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
فوربز کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست میں ہانیہ عامر کو انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹیگری میں نمایاں مقام دیا گیا ہے۔ یہ فہرست ہر سال ایشیا بھر سے 30 سال سے کم عمر اُن باصلاحیت افراد کو سراہنے کے لیے جاری کی جاتی ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہو۔
اس سال کی فہرست میں پاکستان کی فلم ساز سمن کامران کا نام بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے سماجی اور ماحولیاتی موضوعات پر اپنی تخلیقی کام کے باعث شناخت حاصل کی ہے۔

ہانیہ عامر گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں۔ وہ حال ہی میں انسٹاگرام پر 2 کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون شخصیت بھی بن چکی ہیں۔
ان کے حالیہ کامیاب پروجیکٹس میں مقبول ڈرامہ ’’کبھی میں کبھی تم‘‘ شامل ہے جبکہ وہ جلد پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
اس کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی نیشنل گڈول ایمبیسیڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
View this post on Instagram
دوسری جانب سمن کامران کی مختصر فلم The Bed She Made کو بوسن انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا جہاں اس نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور تولیدی صحت جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا۔ وہ اس سے قبل فلم ’’عمرو عیار: ایک نئی شروعات‘‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی کوئی شخصیت انٹرٹینمنٹ کیٹیگری میں شامل نہیں ہو سکی تھی تاہم اس سے قبل مختلف پاکستانی شخصیات بشمول فلم ساز، فنکار اور کھلاڑی فوربز کی اس باوقار فہرست کا حصہ رہ چکے ہیں۔
ہانیہ عامر کی اس عالمی فہرست میں شمولیت کو شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جہاں مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور مبارکباد دی جا رہی ہے۔

















