Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جائیداد تنازع کیس؛ راحت فتح علی خان کو عدالت سے ریلیف مل گیا

اپیل کا حق ایک اہم قانونی حق ہے اور اس پر فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے، عدالت

معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو وراثتی جائیداد کے تنازع سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے اہم ریلیف مل گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے کورٹ فیس جمع نہ کرانے کی بنیاد پر اپیل خارج کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے راحت فتح علی خان کی اپیل بحال کر دی۔

عدالت نے درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں قرار دیا گیا کہ اپیل کے حق کو محض تکنیکی بنیادوں پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے کے مطابق راحت فتح علی خان نے فیصل آباد میں واقع ایک کنال 9 مرلہ ڈبل اسٹوری مکان پر اپنے قبضے کی تصدیق کے لیے سول عدالت سے رجوع کیا تھا۔

سول عدالت نے 14 مئی 2019 کو ان کے خلاف فیصلہ دیا جس کے بعد انہوں نے ٹرائل کورٹ میں اپیل دائر کی۔

ٹرائل کورٹ نے 15 ہزار روپے کورٹ فیس جمع نہ کرانے پر اپیل مسترد کر دی تھی جس کے خلاف گلوکار نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صرف فیس کی عدم ادائیگی یا دیگر تکنیکی خامیوں کی بنیاد پر اپیلوں کو خارج کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ٹرائل کورٹ نے کورٹ فیس جمع کرانے کے لیے درخواست گزار کو صرف چار دن کا وقت دیا جو ناکافی تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اپیل کا حق ایک اہم قانونی حق ہے اور اس پر فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے نہ کہ صرف تکنیکی وجوہات کی بنا پر۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے دو ماہ کے اندر اپیل پر میرٹ کے مطابق فیصلہ کرے۔

عدالت نے راحت فتح علی خان سمیت تمام فریقین کو 2 جون کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔