پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے حمل کے دوران پیش آنے والی جسمانی اور جذباتی مشکلات کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں بننے کا سفر بظاہر جتنا آسان دکھائی دیتا ہے، حقیقت میں اتنا ہی چیلنجنگ بھی ہو سکتا ہے۔
اشنا شاہ نے رواں سال مئی میں ایک خصوصی فوٹو شوٹ کے ذریعے اپنی حمل کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کر چکی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا تھا۔
اداکارہ اس وقت حمل کے تیسرے مرحلے میں ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں۔ ایک حالیہ پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ان کے لیے حمل کا یہ سفر توقعات سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا ہے۔

اشنا شاہ کے مطابق انہیں موڈ سوئنگز، جسم میں سوجن، مسلسل تھکن، مناسب خوراک اور پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں دشواری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ آنے والے مرحلے یعنی ڈلیوری کے حوالے سے وہ فکرمندی محسوس کرتی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز اور ویڈیوز میں مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے حمل کے تجربے کو “اولمپک مقابلے” سے تشبیہ دی اور کہا کہ یہ جسمانی اور جذباتی طور پر انتہائی کٹھن مرحلہ ہے جس کی حقیقی نوعیت کو وہی خواتین بہتر طور پر سمجھ سکتی ہیں جو خود اس تجربے سے گزرتی ہیں۔
اشنا شاہ کی اس کھل کر کی گئی گفتگو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ متعدد خواتین نے بھی اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کی باتوں سے اتفاق کیا ہے۔
















