Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں اہم سنگ میل حاصل کر لیا

گرین شرٹس نے اپنے ون ڈے سفر کا آغاز 1973 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور یادگار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کی تیسری ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جس نے ایک ہزار ون ڈے میچز مکمل کیے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا مقابلہ قومی ٹیم کی ون ڈے تاریخ کا ہزارواں میچ ثابت ہوا جس نے پاکستان کرکٹ کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا۔

گرین شرٹس نے اپنے ون ڈے سفر کا آغاز 1973 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا اور گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران کئی تاریخی کامیابیاں اپنے نام کیں۔ قومی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے ایک ہزار میچز میں 527 فتوحات حاصل کیں جبکہ 442 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 9 میچز برابر رہے اور 21 مقابلے بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔

پاکستان کے ون ڈے سفر کی نمایاں کامیابیوں میں 1992 کا عالمی کپ اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں جہاں فائنل میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والی ٹیموں میں بھارت سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اب پاکستان نے بھی ہزار میچز کا ہندسہ عبور کرکے اس خصوصی کلب میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔

اس تاریخی موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی قائد شاہین شاہ آفریدی کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔ شاہین آفریدی نے اس کامیابی کو قومی کرکٹ کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ کا حصہ بننا ان کے لیے ایک یادگار اعزاز ہے۔

یہ سنگِ میل نہ صرف پاکستان کرکٹ کی طویل اور شاندار تاریخ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ مستقبل میں مزید کامیابیوں کے عزم کی بھی علامت ہے۔

متعلقہ خبریں