ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے نئے کاروباری اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کار یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گے اور توانائی بچت اقدامات کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فارمیسیاں، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، دودھ اور ڈیری شاپس، جمز، پیڈل کورٹس اور دیگر اسپورٹس سہولیات ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔
اسی طرح آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
مزید برآں شادی ہالز، مارکیز اور نجی مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات کو بھی رات 10 بجے تک ختم کرنا ہوگا۔
ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن اگلے احکامات تک مؤثر رہے گا۔


















