آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی سی سی) کا اہم اجلاس پیر کو منعقد ہوگا جس میں ترقیاتی اخراجات اور اقتصادی اہداف سے متعلق اہم سفارشات کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہوگا جس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 1126 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا جبکہ اقتصادی ترقی کی شرح (جی ڈی پی گروتھ) کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی سفارش بھی زیر بحث آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی سی سی اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سطح کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی ترجیحات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں منظور ہونے والی سفارشات قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کو ارسال کی جائیں گی جس کا اجلاس 3 جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت متوقع ہے۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، اقتصادی نمو کے اہداف اور سرکاری اخراجات سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی جبکہ وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی پروگراموں پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی نمو، ترقیاتی اخراجات اور عوامی فلاحی منصوبوں سے متعلق سفارشات پہلے ہی تیار کی جا چکی ہیں جنہیں بجٹ 2026-27 کا حصہ بنایا جائے گا۔

















