پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اداکارہ صبا حمید سے طلاق کے حوالے سے پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ میری دوسری شادی 29 برس تک قائم رہی تاہم دونوں گزشتہ 14 برس سے علیحدہ رہ رہے تھے اور اب ہماری باقاعدہ طلاق ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علیحدگی کے باوجود ہم دونوں نے بعض منصوبوں پر ایک ساتھ کام کیا جبکہ کبھی کبھار دوستوں کی طرح ملاقات اور عشائیہ بھی ہوتا رہا۔ اگر مستقبل میں کسی اچھے پراجیکٹ کی پیشکش ہوئی تو دوبارہ بھی ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارے درمیان کسی قسم کی تلخی یا رنجش نہیں ہے۔
وسیم عباس نے کہا کہ طلاق کے فیصلے پر انہیں افسوس نہیں ہوا کیونکہ اس وقت تک ان کے درمیان جذباتی تعلق باقی نہیں رہا تھا۔ میری اس شادی سے کوئی اولاد نہیں تھی اور میں نے ہمیشہ محبت سے زیادہ باہمی احترام کو اہمیت دی۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں نے اور صبا حمید نے کبھی ایک دوسرے کے خلاف بات نہیں کی اور نہ ہی ایک دوسرے کی کردار کشی کی۔ میں اپنی دوسری شادی کو مکمل طور پر غلطی نہیں سمجھتا تاہم اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو شاید بعض فیصلے مختلف ہو سکتے تھے۔
وسیم عباس کے ان بیانات پر سوشل میڈیا پر بھی مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کچھ نے نجی معاملات پر عوامی گفتگو کو غیر ضروری قرار دیا۔


















