آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی عازمین کو زیادہ رقم کا انتظام کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ حج پیکیجز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مختصر حج گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے جبکہ طویل حج 50 ہزار روپے تک مہنگا ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق آئندہ حج کے لیے مختصر اور طویل دورانیے کے پیکیجز کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ مختصر حج پیکیج کی قیمت تقریباً 13 لاکھ روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے زیادہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مختصر حج کا دورانیہ 20 سے 22 روز پر مشتمل ہوگا جبکہ طویل حج پیکیج کی قیمت 12 لاکھ روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ طویل حج گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 ہزار روپے مہنگا ہوگا اور اس کا دورانیہ 40 روز پر مشتمل ہوگا۔
حج اخراجات کی ادائیگی کے لیے عازمین کو سہولت فراہم کی جائے گی جس کے تحت رقم اقساط میں جمع کروانے کا اختیار ہوگا۔ عازمین حج اخراجات 6، 6 لاکھ روپے کی دو اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مختصر حج پیکیج کی لاگت 12 لاکھ روپے تھی جبکہ طویل حج کے لیے عازمین نے ساڑھے 11 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ آئندہ سال حج اخراجات میں متوقع اضافے کے باعث عازمین کو اضافی مالی تیاری کرنا ہوگی۔

















