شوبز کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سیشن کورٹ لاہور میں مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کردی۔
عدالت نے ملزم کو تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو بھی تحقیقات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
ثاقب چدھڑ عبوری ضمانت کے حصول کے لیے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کی جانب سے ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق نے وکالت کی۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے جبکہ عدالت نے عبوری ضمانت کے دوران انہیں گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے۔

















