کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں شدید طوفانی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے بڑا جانی نقصان ہوا ہے حادثے میں اب تک 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق مکان گرنے کے وقت اندر موجود 14 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو ملبے سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں منتقل کیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔
ابتدائی طور پر حادثے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع تھی، تاہم دوران علاج مزید زخمی دم توڑ گئے جبکہ بعد ازاں ملبے سے مزید لاشیں نکالنے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مکان کی چھت گرنے والے گھر میں ایک بچے کی پیدائش کی خوشی میں محلے کی خواتین اور بچے جمع تھے اسی دوران طوفانی بارش کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو اور امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے سے مزید متاثرین مل سکتے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔















