Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وائرل ویڈیو تنازع: فہد شیخ نے سینئر اداکار محمد احمد سے معافی مانگ لی

تنقید کے بعد فہد شیخ نے سینئر اداکار سے معذرت کا اظہار کردیا

اداکار فہد شیخ نے وائرل ویڈیو پر ہونے والی تنقید کے بعد سینئر اداکار سید محمد احمد سے معذرت کرتے ہوئے اپنے مؤقف کی وضاحت کی ہے۔

چند روز قبل سید محمد احمد نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ایک کم عمر اداکار نے دو مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ان کے گنجے پن، قد اور رنگت سے متعلق بار بار طنزیہ جملے کہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے شوٹنگ کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

اس بیان کے بعد شوبز شخصیات نے سید محمد احمد سے اظہارِ یکجہتی کیا جبکہ اداکار شمعون عباسی، اعجاز اسلم اور دیگر فنکاروں نے متعلقہ اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔

تنقید کے بعد فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو شوٹنگ کے دوران ہونے والے ایک دوستانہ مذاق کا حصہ تھی کیونکہ ڈرامے کے سیٹ پر فنکار اکثر ایک خاندان کی طرح مل جل کر کام کرتے ہیں۔

فہد شیخ نے مزید کہا کہ اگر میرے کسی عمل یا بات سے سید محمد احمد کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر دلی معذرت خواہ ہوں جبکہ میرا مقصد ہرگز کسی کی تضحیک یا دل دکھانا نہیں تھا۔