Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی اتحادی افواج کا یمن کے الحدیدہ میں حوثی فوجی ٹھکانوں پر حملہ

‘حوثیوں کی جانب سے جارحانہ اقدامات جاری رہے تو ان کا سخت جواب دیا جائے گا’

سعودی اتحادی افواج نے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں سے منسلک فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی ہے۔

اتحادی افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے دوران صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ الحدیدہ بندرگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا، تمام بندرگاہیں معمول کے مطابق فعال ہیں اور جہاز رانی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ نشانہ بنائے گئے مقامات کا تعلق ان سرگرمیوں سے تھا جو بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔

اتحادی افواج نے خبردار کیا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے جارحانہ اقدامات جاری رہے تو ان کا سخت جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب حوثی جماعت انصاراللہ نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا جن کے بارے میں ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے انصاراللہ کی جانب سے عائد بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔

یاد رہے کہ انصاراللہ نے چھ روز قبل سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر جاری محاصرے اور صنعاء ایئرپورٹ کی بندش کے ردعمل میں کیا گیا۔

متعلقہ خبریں