کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدواروں کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی قیادت میں ایک وفد ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد مرکز پہنچا، جہاں ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کرے گی اور پارٹی کے تمام امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار ہوجائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ ن لیگ کی کامیابی کو ایم کیو ایم بھی اپنی کامیابی تصور کرے گی کیونکہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے تعاون کے حوالے سے تین اہم نکات سامنے رکھے ہیں جن میں آئین کے آرٹیکل 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم، سندھ میں گورنر کے عہدے سے متعلق معاملہ اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے مرحلے پر ایم کیو ایم کو بھی اتحاد کا حصہ بنانا شامل ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے ایم کیو ایم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا تعاون قابل قدر ہے۔ گورنر کسی بھی جماعت کا ہو، وہ پوری اتحادی حکومت اور تمام عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔


















