اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم معاہدہ آج متوقع ہے جس پر دستخط سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہونے والی تقریب کے دوران کیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں ترکیہ کی آئینی عدالت کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تربیت، بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور عدالتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی عدلیہ کی پیشہ ورانہ تربیت کو خصوصی اہمیت دی جائے گی جب کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب براہ راست نشر کی جائے گی، جس میں سپریم کورٹ کے ججز، آئینی عدالت کے ججز، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ضلعی عدلیہ کے ججز شرکت کریں گے۔
ترک وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران ٹیکسلا اور لاہور کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔
















