اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے آج دوپہر ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔
تقریباً پینتالیس منٹ سے زائد جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا جنہوں نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی اور وزیراعظم کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان رواں ہفتے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش قبول کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنے تعظیم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔














