پاکستان نے عالمی برادری سے امدادی کارکنوں اوریو این عملے کے تحفظ کا مطالبہ کردیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ امدادی کارکنوں پرحملے شہریوں کے تحفظ کے نظام کوکمزورکررہے ہیں سلامتی کونسل قرارداد 2730 پر فوری اور مستقل عملدرآمد یقینی بنائے۔
عاصم افتخار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا وہ شہریوں اورتباہی کے درمیان حائل افرادکادفاع کرے امدادی کارکنوں پرحملے بین الاقوامی قانون کے احترام میں کمی ظاہرکرتے ہیں مسلح تنازعات کے تمام فریق امدادی کارکنوں کااحترام اورتحفظ کریں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ حملوں میں ملوث ذمہ داروں کوشناخت کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے یواین عملے کے خلاف غلط معلومات اورگمراہ کن بیانیے کا تدارک کیاجائے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل تنازعات کی روک تھام اورثالثی میں بہترکارکردگی دکھائے پاکستان امن دستوں اورامدادی کارکنوں کی سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔















