Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کی نظریں اسلام آباد پر جم گئیں؛ امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات آج

مذاکرات میں عارضی جنگ بندی کو مستقل شکل دینے، کشیدگی میں کمی اور باہمی امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی

اسلام آباد ایک بار پھر عالمی سفارتکاری کا مرکز بن گیا ہے جہاں امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

 پاکستان کی میزبانی اور ثالثی میں ہونے والے یہ مذاکرات مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کا اہم حصہ ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک اعلیٰ سطح پر براہِ راست بات چیت کر رہے ہیں جس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ مذاکرات دو مراحل پر مشتمل ہوں گے پہلا مرحلہ آج جب کہ دوسرا کل منعقد ہوگا۔

امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے جب کہ ایرانی وفد کی سربراہی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کریں گے۔

دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جب کہ ایڈوانس ٹیمیں اور معاون عملہ پہلے ہی دارالحکومت میں موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی آمد کے شیڈول میں قیادت سے مشاورت کے بعد معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان نہ صرف ان مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے بلکہ ثالث کے طور پر بھی اہم کردار ادا کرے گا، اس دوران فریقین کی پاکستانی قیادت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

مذاکرات میں عارضی جنگ بندی کو مستقل شکل دینے، کشیدگی میں کمی اور باہمی امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق امریکا کے 15 جب کہ ایران کے 10 نکات زیرِ بحث آئیں گے، اگر مذاکرات کامیاب رہے تو ایک اہم معاہدہ “اسلام آباد ڈیکلریشن” کے نام سے طے پانے کا امکان ہے جس پر دستخط بھی اسلام آباد میں ہی کیے جائیں گے۔

اس اہم موقع کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عالمی سطح کے اس سفارتی عمل کو محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں