نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کےدلوں میں ایک خاص مقام رکھتاہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات مضبوط پارٹنرشپ کے لیے مشترکہ وژن کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے ایمان، اعتماد اورباہمی احترام پرمبنی گہرے تعلقات کی توثیق کی اور تمام شعبوں میں تعاون کومزید بڑھانےکی راہیں تلاش کیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتاہے تاریخی، برادرانہ تعلق کوآئندہ نسلوں تک مزید مضبوط بنانےکے لیے پُرعزم ہیں۔
اسحاق ڈارنے کہا کہ ترکیہ کے کہرامانماراس میں اسکول پرہولناک حملےسےبہت دکھ ہوا معصوم جانوں بالخصوص بچوں کاضیاع ناقابل بیان سانحہ ہے۔
نائب وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ترکیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد کےاہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائیں بھی کی۔
















