Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کینسر کی قبل از وقت نشاندہی ممکن؟ نیا خون ٹیسٹ سامنے آگیا

یہ خون ٹیسٹ کینسر کے خطرے کی پیش گوئی تشخیص سے پانچ سال پہلے تک کرسکتا ہے۔

سائنسدانوں نے ایک ایسا خون پر مبنی پروٹین سگنیچر دریافت کیا ہے جو پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کی پیشگوئی تشخیص سے پانچ سال پہلے تک کرسکتا ہے۔

یہ مطالعہ برطانیہ میں کیا گیا جس میں 48 ہزار سے زائد افراد کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے مشین لرننگ کے ذریعے خون میں موجود 14 مخصوص پروٹینز کی نشاندہی کی جو مستقبل میں پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے سے مضبوط طور پر جڑے ہوئے تھے۔

تحقیق کے مطابق ماحولیاتی آلودگی جیسے گاڑیوں کے دھوئیں، کوئلے کے جلنے اور سگریٹ کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی سوزش جسم میں ایسے حالات پیدا کرتی ہے جو پہلے سے موجود متاثرہ خلیات کو متحرک کرکے کینسر کی طرف لے جاسکتی ہے۔

محققین نے اس پروٹین سگنیچر کو آٹھ مختلف بین الاقوامی ڈیٹا سیٹس میں بھی جانچا اور پایا کہ جن افراد میں بعد میں پھیپھڑوں کا کینسر سامنے آیا تو ان میں یہ پروٹین لیول پہلے سے بلند تھا، حتیٰ کہ غیر سگریٹ نوش افراد میں بھی یہ اضافہ دیکھا گیا۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ پروٹین کی تبدیلی دراصل پھیپھڑوں میں کینسر بننے سے پہلے کی ایک سوزش کی کیفیت کی نشاندہی کرتی ہے نہ کہ موجودہ کینسر کی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ یہی سوزش کی کیفیت پھیپھڑوں کی دیگر بیماریوں سے بھی جڑی ہوئی ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ بیماریوں کے آغاز سے پہلے ایک مشترکہ حیاتیاتی عمل موجود ہوتا ہے۔

مزید تجربات میں معلوم ہوا کہ ایک خاص سوزش کے مالیکیول کو روکنے سے ابتدائی مرحلے میں کینسر کے خلیات کی افزائش کم ہوگئی جس سے مستقبل میں حفاظتی علاج کے امکانات بھی سامنے آئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق مستقبل میں ایسے افراد کی نشاندہی میں مدد دے سکتی ہے جو زیادہ خطرے میں ہوں تاکہ بروقت علاج یا احتیاطی اقدامات کیے جاسکیں اور دیر سے تشخیص کے مسئلے کو کم کیا جاسکے۔