Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرپٹو مارکیٹ گراوٹ کا شکار؛ بٹ کوائن کی قیمت میں بڑی کمی

بٹ کوائن کی قیمت 60 ہزار ڈالر سے نیچے آگئی جس کے بعد مجموعی کمی تقریباً 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

بٹ کوائن کی قیمت جمعہ کے روز 60 ہزار ڈالر سے نیچے آگئی جس کے بعد ہفتہ وار بنیاد پر اس کی مجموعی کمی تقریباً 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے جب کہ مارکیٹ میں مزید کمی کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں یہ کمی عالمی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کے رجحان کے ساتھ دیکھی گئی، جہاں ٹیکنالوجی انڈیکس بھی نمایاں کمی کا شکار رہا۔

ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں بٹ کوائن کی قیمت میں اتار چڑھاؤ تیز ہوگیا ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔

 

کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں گھبراہٹ کا شکار ہوکر فروخت کرنے والے سرمایہ کار ممکنہ مستقبل کے منافع سے محروم ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب کرپٹو مارکیٹ میں ایک اور بڑی کمی اس وقت دیکھی گئی جب ایک ڈیجیٹل کرنسی میں ایک پرانی تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد اس کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد کمی ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق اس خرابی کے باعث خدشہ پیدا ہوا کہ سسٹم میں موجود ڈیجیٹل یونٹس کی جعلی تخلیق ممکن ہوسکتی تھی جس سے مجموعی سپلائی متاثر ہونے کا امکان تھا۔

ماہرین نے اس صورتحال کو ایسے سمجھایا کہ جیسے کسی مرکزی بینک کے نظام میں خفیہ طور پر اضافی رقم چھاپنے کی اجازت مل جائے جس کا فوری طور پر پتا نہ چل سکے۔

تاہم متعلقہ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ خرابی بروقت سامنے آگئی اور کسی بھی قسم کے غیر قانونی اضافے یا نقصان کے شواہد نہیں ملے۔ نظام میں موجود مجموعی مقدار محفوظ رہی اور صارفین کی پرائیویسی بھی متاثر نہیں ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں