Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکیہ کا گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ

ترک صدر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات کو سراہا۔

انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انطالیہ سفارت کاری فورم کے موقع پر ملاقات میں گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انطالیہ سفارت کاری فورم کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی۔

ترک صدر نے فورم میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات کو سراہا۔ صدر اردوان نے پاکستان کی ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں امن معاہدے کے لیے مذاکرات کی بحالی اور جنگ بندی میں توسیع کے امکانات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیرپا اور مستحکم علاقائی امن کے لیے پیش رفت کی جائے۔

وزیراعظم اور ترک صدر نے پاکستان اور ترکی کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں لیڈرز نے اس سال کے آخر میں انقرہ میں آٹھویں اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، برادرانہ روابط کو فروغ دینے اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں