اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
گفتگو کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں فریقین کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور اس کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے تعمیری روابط اور سفارتی حل کو اہمیت دیتا رہے گا اور اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔














