Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خبردار بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ آپ کو کنگال کر سکتا ہے، ایڈوائزری جاری

سبسڈی یا بل سے متعلق کسی بھی معلومات کیلئے صرف متعلقہ سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کیا جائے، پاور ڈویژن

بجلی صارفین کیلئے اہم انتباہ سامنے آگیا پاور ڈویژن نے جعلی QR کوڈز اور مشکوک لنکس کے ذریعے شہریوں کا ڈیٹا چوری کیے جانے کے خدشے پر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق بعض عناصر بجلی صارفین کو سبسڈی یا ریلیف کے نام پر جعلی لنکس بھیج رہے ہیں جہاں صارفین کو مختلف مراحل میں اپنی ذاتی معلومات درج کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کو پہلے ایک لنک پر کلک کروایا جاتا ہے پھر مرحلہ وار معلومات حاصل کی جاتی ہیں جبکہ آخر میں موبائل یا دیگر ذرائع پر موصول ہونے والا 6 ہندسوں کا کوڈ بھی مانگا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہی معلومات سائبر فراڈ کیلئے استعمال ہوسکتی ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ بجلی کے بل یا سبسڈی سے متعلق معلومات کسی غیر متعلقہ پلیٹ فارم، ویب لنک یا فارم پر فراہم کرنا غیر محفوظ اور غیر قانونی عمل ہے۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم QR کوڈ، لنک یا سوشل میڈیا پیغام پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں جبکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سبسڈی یا بل سے متعلق کسی بھی معلومات کیلئے صرف متعلقہ سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کیا جائے۔

متعلقہ خبریں