چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے آج عام انتخابات 2026 کے موقع پر گلگت شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل، سیکیورٹی انتظامات اور پولنگ کے مجموعی ماحول کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پروونشل الیکشن کمشنر عابد رضا، ڈپٹی کمشنر گلگت عارف احمد، ایس پی گلگت اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ عملے، سیکیورٹی اہلکاروں اور انتظامی افسران سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر موجود مختلف امیدواروں کی جانب سے منتخب ایجنٹس سے بھی ملے اور انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو پُرامن اور بہترین انتظامات پر الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے گلگت سیف سٹی کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں شہر بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی، سیکیورٹی انتظامات اور انتخابی عمل کے لیے کیے گئے خصوصی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آئی جی پی ڈاکٹر ناصر اکبر خاں و دیگر آفیسران بھی موجود تھے متعلقہ حکام نے جدید مانیٹرنگ سسٹم اور سیکیورٹی میکانزم کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کے بارے میں آگاہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے مجموعی انتخابی اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور پرامن ماحول کے قیام میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔















