Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گلگت بلتستان الیکشن میں پیپلزپارٹی کا پلڑا بھاری؛ ن لیگ صرف 2 سیٹوں پر کامیاب

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں ہونے والے انتخابات اور ووٹوں کی گنتی کی بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک 18 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔

18 نشستوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی نے 9، آزاد امیدواروں نے 6، مسلم لیگ (ن) نے 2 جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک نشست جیتی ہے۔

موصولہ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار حلقہ نمبر 1، 4، 5، 7، 9، 10، 11، 12 اور 19 میں کامیاب قرار پائے ہیں۔

اہم حلقوں کے نتائج

جی بی اے 1 گلگت 1: 80 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امجد حسین 10 ہزار 594 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد شفیق الدین 6 ہزار 312 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 2 گلگت 2: چند پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حافظ حفیظ الرحمان کو برتری حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی کے جمیل احمد دوسرے جبکہ آئی پی پی کے فتح اللہ خان تیسرے نمبر پر ہیں۔

جی بی اے 3 گلگت 3: تمام 82 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید سہیل عباس 7 ہزار 877 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر ایڈووکیٹ 7 ہزار 361 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 4 نگر 1: تمام 53 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر نے 7 ہزار 654 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے محمد ایوب وزیری 6 ہزار 597 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 5 نگر 2: تمام 32 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی مراد 2 ہزار 705 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے ریاض اکبر 2 ہزار 584 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 6 ہنزہ: آزاد امیدوار نیک نام کریم 6 ہزار 360 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے امتیاز الحق دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 7 اسکردو 1: تمام 31 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مکمل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی 4 ہزار 295 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ جلال 3 ہزار 849 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے حاجی اکبر تابان 2 ہزار 667 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

اسکردو کے مختلف حلقوں میں پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے دیکھنے میں آئے جبکہ کئی نشستوں پر نتائج انتہائی قریبی رہے۔

واضح رہے کہ باقی نشستوں کے نتائج موصول ہونے کے بعد اسمبلی میں جماعتوں کی حتمی پوزیشن مزید واضح ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں