Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری کردی

بورڈ کے منظور شدہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز ملک بھر میں فٹنس ٹیسٹ منعقد کریں گے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے لیے نئی اور جامع فٹنس پالیسی جاری کر دی ہے، جس کا اطلاق ریجنل، ڈیپارٹمنٹل، ضلعی اور زونل ٹیموں پر ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق نئی پالیسی بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے جس کا مقصد تمام عمر کے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہتر بنانا اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے دو سطحی (ٹائرڈ) فٹنس پلان تیار کیا ہے۔ اس کے تحت ٹائر ون میں ریجنل، فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ ٹائر ٹو میں سینئر ڈسٹرکٹ، انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 ٹیموں کے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔

نئی پالیسی کے مطابق ٹائر ون کے کھلاڑیوں کو 11 مختلف فٹنس ٹیسٹ دینا ہوں گے جبکہ ٹائر ٹو کے کھلاڑی مجموعی طور پر آٹھ مختلف ٹیسٹ سے گزریں گے۔

پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے لیے ریڈ اسکور کی حد بھی مقرر کر دی ہے۔ ٹائر ون میں آٹھ یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور حاصل کرنے والا کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام قرار پائے گا، جبکہ ٹائر ٹو میں چھ یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور پر کھلاڑی فیل تصور ہوگا۔

پالیسی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کو تمام ٹیسٹ دوبارہ دینا ہوں گے، جبکہ کامیاب کھلاڑیوں کا ہر چھ ماہ بعد دوبارہ فٹنس جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان کی جسمانی استعداد کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

پی سی بی نے بتایا کہ بورڈ کے منظور شدہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز ملک بھر میں فٹنس ٹیسٹ منعقد کریں گے جبکہ ان کے نتائج نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنس ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں