راجوری میں جاری فوجی آپریشن 21 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے جب کہ ڈوری مال کے جنگلاتی علاقے میں تازہ دھماکوں اور فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تین ہفتوں سے جاری اس بڑے فوجی آپریشن کے باوجود بھارتی فورسز کو کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجوری کے ڈوری مال علاقے میں محاصرہ مزید سخت کردیا گیا ہے اور سرچ آپریشن کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے۔ علاقے میں ہزاروں فوجیوں، ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور پیرا کمانڈوز کی تعیناتی کے باوجود آپریشن مسلسل جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس نے بتایا کہ مسلسل فوجی کارروائیوں کے باعث مقامی آبادی شدید خوف، بے یقینی اور مشکلات کا شکار ہے جب کہ گھر گھر تلاشی اور بھاری فوجی نقل و حرکت سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گمبھیر مغلان کے جنگلاتی علاقے کو عملاً فوجی زون میں تبدیل کردیا گیا ہے جس کے باعث علاقے میں کشیدگی اور بے چینی میں اضافہ ہوا ہے۔



















