Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر قائد میں کل بھی پہیہ جام ہو گا؟ ٹرانسپورٹ اتحاد نے بڑا اعلان کر دیا

اڈوں پر کھڑی گاڑیوں پر بعض اوقات ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں

شہر قائد کے شہریوں کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے کیونکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جس کے باعث شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کل بھی بند رہنے کا امکان ہے۔

ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر کے مطابق یہ فیصلہ مشترکہ اجلاس میں اس وقت کیا گیا جب حکومت کی جانب سے مطالبات پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ حکام سے بارہا رابطہ کیا گیا لیکن مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

اتحاد کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ ای چالان کے بھاری جرمانے ہیں جن میں کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ای چالان کے باوجود مینول چالان کا سلسلہ بھی جاری ہے جو ٹرانسپورٹرز کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

مزید یہ بھی بتایا گیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کرایوں میں مناسب ردوبدل نہیں کیا گیا جبکہ سبسڈی کی رقم بھی تاحال فراہم نہیں کی گئی۔ ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ اڈوں پر کھڑی گاڑیوں پر بعض اوقات ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

ٹرانسپورٹ اتحاد نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے جس سے کراچی میں روزمرہ زندگی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں