پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر مہمان جنرل کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور گھانا کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا جبکہ مشترکہ تربیت، انسداد دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی استحکام کے لیے ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے بھی نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔
ملاقاتوں میں شریک اعلیٰ عسکری حکام نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
















