صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے حکومتی سطح پر فوری اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت نئے کرایہ نامے جاری کرنے اور عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ نئی کرایہ لسٹیں فوری طور پر نافذ کی جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی ریلیف کے وعدے کے مطابق اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور کرایوں میں کمی کا عمل عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی فیلڈ میں جا کر ٹرانسپورٹ سہولیات اور کرایوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ان کے مطابق حکومت پنجاب ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو معاشی دباؤ سے بچایا جائے اور ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری لائی جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی اور عوام کو کرایوں میں واضح ریلیف محسوس ہوگا۔

















