Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عاشورہ پر بہترین انتظامات، وزیرِاعظم کا وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

اللہ کے فضل و کرم سے عاشورہ کے حوالے سے تمام سرگرمیاں سہل اور امن و امن کی فضاء میں مکمل ہوئیں،شہباز شریف

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان قائم رکھنے اور تمام جلوسوں و مجالس کے لیے بہترین سیکیورٹی کے انتظامات فراہم کرنے پر وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ عاشورہ کے لیے بہترین انتظامات کرنے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں افواج پاکستان، پولیس اور سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی کوشیں بھی تحسین کے قابل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عاشورہ کے حوالے سے تمام سرگرمیاں سہل اور امن و امن کی فضاء میں مکمل ہوئیں صوبائی حکومتوں اور بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں نے بھی عاشورہ پر بہترین انتظامات یقینی بنائے۔

تمام وزراء اعلی اور وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر و انکی کابینہ کے متعلقہ وزراء بھی عاشورہ پر بہترین انتظامات اور امن امان کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات پر تعریف کے قابل ہیں۔