اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح، راولپنڈی، لاہور، پشاور، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، چنیوٹ، شیخوپورہ، فیروزوالہ، اوکاڑہ، میانوالی، اٹک، حسن ابدال اور حضرو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
علاوہ ازیں فتح جنگ، جنڈ، ملکہ کوہسار مری، بونیر اور مالاکنڈ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
لاہور میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے دوران کھڑکیاں، دروازے اور دیواریں لرز اٹھیں جب کہ کچھ علاقوں میں ہلکے جھٹکے تاحال محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مالاکنڈ اور گردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکوں کے دوران شہری گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کے علاقے میں تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 6 بج کر 35 منٹ پر آیا۔ مختلف علاقوں میں شہری خوفزدہ ہوکر کھلی جگہوں پر جمع ہوگئے۔
















