Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں حملوں کے پیچھے بھارت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے تین بڑے واقعات پیش آئے، پاک فوج

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے تین بڑے واقعات پیش آئے جن میں 42 جوان وطن پر قربان ہوئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں اب تک 54 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ نے کہا کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے زیارت میں پولیس کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے بتایا کہ زیارت میں کارروائی کے دوران 15 خارجی دہشت گرد مارے گئے جب کہ بلوچستان کے 18 بہادر سپوت شہید ہوئے۔ شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکار مقامی تھے جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق منگی ڈیم کوئٹہ پمپنگ اسٹیشن کے علاقے میں بھی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جب کہ ان تینوں واقعات میں چار شہری جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا تاہم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے ان کا تعاقب کررہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ کارروائیاں بھارت کی سرپرستی میں کرائی جارہی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ یہ سب کون کروا رہا ہے، اس کا جواب واضح ہے کہ اس کے پیچھے ہندوستان ہے۔

احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے ایک حملے میں چار میں سے تین دہشت گرد افغان شہری تھے جب کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر دہشت گردوں کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو افغان طالبان حکومت کی پشت پناہی اور سہولت کاری حاصل ہے جب کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ تمام غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک سے نکالا جائے گا۔ اگر کوئی پاکستان کے بچوں، پولیس اہلکاروں یا جوانوں پر حملہ کرے گا تو اس سے بات چیت نہیں ہوگی بلکہ پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کہتے ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا آخری حد تک تعاقب کیا جائے گا اور وہ جہاں بھی ہوں گے انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر پاکستان کے امن، ترقی اور بلوچستان کے استحکام کو برداشت نہیں کرسکتے لیکن بلوچستان کی خوشحالی ایک حقیقت ہے جسے کوئی تبدیل نہیں کرسکتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ پاکستان حق پر ہے اور دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں