کراچی: گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاپتہ قرار دیے گئے بوئنگ 737 کارگو طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے جب کہ برآمد ہونے والے ملبے کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
پی اے اے کے مطابق طیارے کا ملبہ اورماڑہ سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں گہرے سمندر سے ملا، جہاں پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے تقریباً 12 گھنٹے تک مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پاکستان نیوی اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مختلف فضائی اور بحری وسائل استعمال کیے گئے جب کہ لاپتہ عملے کے ارکان کی تلاش بدستور جاری ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے آگے بڑھنے کے ساتھ مزید تفصیلات بھی مرحلہ وار جاری کی جائیں گی۔


















