وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کروشیا کے وزیر خارجہ و یورپی امور گورڈن گرلیچ ریڈمین نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کروشین قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دوسری جانب کروشیا کے وزیر خارجہ گورڈن گرلیچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو نئی جہت دینے اور مختلف شعبوں میں روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

















