Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ترقی کا مضبوط محرک ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد حکومت کی ترجیح ہے ذمہ دارانہ آبادی منصوبہ بندی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے ملکی آبادی کا 65 فیصد سے زائد حصہ 30 برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ترقی کا مضبوط محرک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ 2.55 فیصد آبادی میں اضافہ قومی منصوبہ بندی کے لیے بڑا چیلنج ہے تعلیم، صحت، روزگار اور رہائش میں سرمایہ کاری وقت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت نے قومی کونسل برائے آبادی قائم کر دی قومی کونسل وفاقی و صوبائی سطح پر پالیسی ہم آہنگی یقینی بنائے گی آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور انسانی وسائل کی ترقی اولین ترجیح ہے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، بچیوں اور کمزور طبقات کی تعلیم و صحت حکومت کی ترجیح ہے صنفی مساوات اور ذمہ دارانہ پرورش پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق، صوبے، پارلیمان، علما، میڈیا اور سول سوسائٹی مشترکہ کردار ادا کریں باخبر فیصلوں اور ذمہ دارانہ منصوبہ بندی سے خوشحال مستقبل ممکن ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر شہری کو صحت مند، باوقار اور باصلاحیت زندگی کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں اجتماعی کوششوں سے آبادیاتی صلاحیت کو قومی قوت میں بدلیں گے مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہماری مشترکہ منزل ہے۔

متعلقہ خبریں