Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس؛ 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا

عدالت نے فیصلے میں سزا پانے والے ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

راولپنڈی: 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے مقدمے میں نامزد 47 اشتہاری ملزمان کا الگ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے تمام 47 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سزا پانے والے ملزمان 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے۔

عدالت کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزمان قرار دیا تھا۔ مقدمے میں تمام اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا۔

استغاثہ کی جانب سے مقدمے میں 19 گواہان کے بیانات قلمبند کرائے گئے جب کہ کیس میں اب تک استغاثہ کے مجموعی طور پر 44 گواہان کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔

مقدمے میں نامزد ملزمان پر جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

ملزمان پر 9 مئی کے واقعات کے دوران جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری عمارتوں و مقامات کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی تھے۔

مقدمے میں مجموعی طور پر 118 ملزمان نامزد تھے جن میں سے 18 ملزمان دورانِ ٹرائل اشتہاری قرار دیے گئے جب کہ 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

سزا پانے والے ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، مراد سعید، زلفی بخاری اور شہباز گل سمیت دیگر شامل ہیں۔

ملزمان کی فہرست میں علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، حماد اظہر، اعظم سواتی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی، شبلی فراز اور کنول شوزب سمیت دیگر نام بھی شامل ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں سزا پانے والے ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں