اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدر آصف زرداری نے یومِ شہدائے کشمیر پر 22 شہدائے 1931ء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر فوری بند کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا اور فوجی محاصرہ ختم کیا جائے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے، 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ بھارتی اقدامات غیر قانونی تھے۔
آصف زرداری نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے، تنازعٔ جموں و کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
صدر نے مزید کہا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر پر 1931 کے 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کی قربانی کشمیریوں کے وقار اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جبرواستبداد اور سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیریوں کے عزم میں لغزش نہیں آئی، عالمی اداروں نے مقبوضہ وادی کا سیاسی تشخص تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری شہداء کی جرات، استقامت اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، حکومت پاکستان کشمیریوں کی غیرمتزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر ہے، تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔















