چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت پر جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پابندیاں یکم اگست 2026 سے آئندہ ایک ماہ تک نافذ العمل رہیں گی۔
حکم نامے کے مطابق صوبے بھر میں وال چاکنگ، احتجاج، مظاہروں، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ اسلحہ کی نمائش اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش اور خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز دورانِ ڈیوٹی کھلے عام اسلحہ کی نمائش نہ کریں، جبکہ گاڑی میں سفر کے دوران بھی اسلحہ نمایاں رکھنے پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت مقدمات درج کرنے کا اختیار ہوگا۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔














