افغان سرزمین سے پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے شواہد ایک بار پھر سامنے آگئے، سابق افغان خفیہ ایجنسی کے سربراہ مسعود اندرابی نے بھارت، فتنہ الخوارج اورطالبان کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا۔
سابق افغان انٹیلی جنس سربراہ مسعود اندرابی نے دی ڈپلومیٹ کے پروگرام میں کہا کہ افغان طالبان رجیم بھارت سے مالی امداد حاصل کرکے پاکستان میں دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد بھارت افغانستان میں پاکستان کیخلاف اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت کی طالبان حمایت کا اصل مقصد فتنہ الخوارج پر اثر و رسوخ قائم کرکے اسے پاکستان کے خلاف استعمال کرنا ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر پاکستان کی بمباری بھارت کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔
سربراہ مسعود اندرابی نے مزید کہا کہ طالبان کی جانب سے فتنہ الخوارج کو پناہ دینا پاکستان کی سرحد پار کارروائیوں اور تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ بیانات پاکستان کے اس مؤقف کو تقویت دیتے ہیں کہ افغان سرزمین بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
پاکستان افغان طالبان رجیم کو دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے حوالے سے متعدد بار متنبہ بھی کر چکا ہے۔

















