Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوئٹہ: صدرمملکت اور وزیراعظم کا کوئلہ کان حادثہ میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں محفوظ بنانے کے لیے مستقل حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں، زیراعظم

صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلہ کان حادثہ میں مزدوروں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ کان میں پھنسے تمام مزدوروں تک جلد از جلد رسائی کو یقینی بنایا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، وطن کی تعمیر و ترقی میں محنت کش طبقے کا کردار قابلِ قدر ہے اور ان کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدرِ مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلہ کان حادثہ میں مزدوروں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیورنج میں کوئلہ کان میں گیس بھرجانے کےباعث ہونے والا حادثہ نہایت افسوسناک ہے۔

انہوں نے ہدایت کی پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کاروائیوں کو موثر اور مستعد انداز میں جاری رکھیں، تمام زخمیوں کے بروقت ریسکیو اور علاج کے لئے خصوصی انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک ریسکیو آپریشن جاری رکھا جائے، کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں محفوظ بنانے کے لئے مستقل حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقیین سے دلی تعزیت اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

متعلقہ خبریں