کراچی کے ضلع کیماڑی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا، انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 5 سے 7 اگست تک کیماڑی کے مختلف علاقوں میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن جاری رہے گا، جس میں سلطان آباد، موچھ گوٹھ، 24 مارکیٹ، 7 نمبر بلدیہ، منگھوپیر روڈ اور میٹروول سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کی جائیں گی۔
آپریشن میں رینجرز، پولیس، کے ایم سی، ایس بی سی اے اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہیں، جبکہ تمام اداروں کو سیکیورٹی اور بھرپور تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق روزانہ صبح 11 بجے ڈپٹی کمشنر کیماڑی آفس سے آپریشنل ٹیمیں روانہ ہوں گی، جبکہ سرکاری زمینوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
میئر کراچی، کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی ہدایات پر مین منگھوپیر روڈ اور پرانا گولیمار میں بھی کارروائی کی گئی، جہاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹائی گئیں، متعدد غیرقانونی سامان ضبط کیا گیا اور قائم تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔
ڈائریکٹر انسداد تجاوزات شیر علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر رضا شیخ کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران شیر علی کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، جبکہ رضا شیخ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
دوسری جانب آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ مزاحمت بھی سامنے آئی، جہاں سرکاری ٹرک پر پتھراؤ کیا گیا جس سے گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ سرکاری کام میں مداخلت اور سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے پر متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی اور سرکاری زمینوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو ہر صورت کلیئر کرایا جائے گا۔















