شہر قائد میں احتجاج کے باعث شہر کی متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم آر کیانی روڈ سے فوارہ چوک تا دین محمد وفائی روڈ دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ کوسٹ گارڈ سے اینگل چوک تا سرور شہید روڈ بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی جانے والا راستہ، زم زمہ اسٹریٹ مروت ہسپتال کٹ تا 19 ڈی سگنل خیابانِ شمشیر کے دونوں ٹریک، سر شاہ سلیمان روڈ قبا مسجد غریب آباد تا لیاقت آباد اور چودھری خلیق الزماں روڈ گزری برج کے قریب سعودیہ سگنل جانے اور آنے والی سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
شاہراہوں کی بندش کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور کئی مقامات پر طویل ٹریفک جام دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں مشکلات اور تاخیر کا سامنا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہلکار مختلف مقامات پر موجود ہیں، جبکہ بند سڑکوں کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ راستوں سے گریز کریں اور سفر سے قبل متبادل روٹس اختیار کریں۔















