وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ دورہ پر سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے روانہ ہوگئے۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بھی دیں گے۔
وزیر اعظم کا دورہءِ سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط دیرینہ برادارنہ تعلقات، باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے اور یہ دورہ خطے کی صورتحال کے قلیل مدتی اثرات کے پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہو رہا ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تزویراتی تعاون، باہمی تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی و تعاون کو وسعت دے گا۔
خیال رہے کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ آصف، عطاء تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔

















