Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلا دیش میں خسرہ بے قابو، 4 ماہ میں 800 سے زائد بچے ہلاک، ہزاروں متاثر

رپورٹس کے مطابق حالیہ اموات میں سے 4 اموات دارالحکومت ڈھاکا ضلع میں ہوئیں

بنگلادیش میں خسرہ کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کرگئی جہاں گزشتہ چار ماہ کے دوران خسرہ اور اس سے ملتی جلتی علامات کے باعث 803 بچوں کی اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

بنگلادیش کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 بچے خسرہ جیسی علامات کے باعث دم توڑ گئے جس کے بعد مجموعی تعداد 803 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق ان اموات میں سے 95 کیسز کی باقاعدہ طبی تصدیق خسرہ کے باعث ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 133 نئے تصدیق شدہ کیسز جبکہ 904 مشتبہ کیسز سامنے آئے۔ مارچ کے وسط سے اب تک ملک میں خسرہ کے 14 ہزار 841 تصدیق شدہ کیسز اور ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ اموات میں سے 4 اموات دارالحکومت ڈھاکا ضلع میں ہوئیں۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق بنگلادیش ماضی میں خسرہ کے خلاف اجتماعی مدافعت حاصل کرچکا تھا تاہم حالیہ برسوں میں ویکسینیشن کی شرح میں کمی کے باعث صورتحال دوبارہ سنگین ہوگئی۔

بنگلادیشی وزارت صحت نے وبا پر قابو پانے کے لیے 5 اپریل سے اب تک ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین لگائی ہے۔

متعلقہ خبریں